سیدھے مواد پر جائیں
Tafsir As-Saadi - Urdu · Al-Kaafiroon
سورت 109

Al-Kaafiroon

یہ عربی کے سوا کسی اور زبان میں ایک تفسیر ہے جیسا Quranic Universal Library (QUL، از Tarteel) کے پاس ہے، QUL کے ڈیٹا کی اس کھلی نقل سے لیا گیا جو spa5k/tafsir_api رکھتا ہے۔ QUL کے اندراج میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اسے کس نے لکھا یا ترجمہ کیا اور وہ کس چھپے ہوئے ایڈیشن کی پیروی کرتی ہے، اور متن کے لیے کوئی لائسنس بیان نہیں کیا گیا، اس لیے اسے دکھانے کا حق تصدیق شدہ نہیں۔ کسی نے اسے چھپی ہوئی کتاب سے نہیں ملایا اور کسی عالم نے اس کا جائزہ نہیں لیا۔ ہر حصہ ان آیات کے ساتھ ہے جن پر وہ تبصرہ کرتا ہے، اور وہ آیات Tanzil کا قرآنی متن ہیں، جیسا وہاں ہے۔ سبیل نے اس میں سے کچھ نہیں لکھا اور نہ اس کا ترجمہ کیا۔

متن ماخوذ ازQuranic Universal Libraryspa5k/tafsir_apiMIT2026-10-21 کو لیا گیا

آیات 1–6

قُلْ يَـٰٓأَيُّهَا ٱلْكَـٰفِرُونَ 1 لَآ أَعْبُدُ مَا تَعْبُدُونَ 2 وَلَآ أَنتُمْ عَـٰبِدُونَ مَآ أَعْبُدُ 3 وَلَآ أَنَا۠ عَابِدٌ مَّا عَبَدتُّمْ 4 وَلَآ أَنتُمْ عَـٰبِدُونَ مَآ أَعْبُدُ 5 لَكُمْ دِينُكُمْ وَلِىَ دِينِ 6

آپ کہہ دیجیے! اے کافرو!(1) نہیں عبادت کرتا میں جن (بتوں) کی تم عبادت کرتے ہو(2) اور نہ تم عبادت کرتے ہو اس کی جس کی میں عبادت کرتا ہوں(3) اور نہ میں ہی عبادت کرنے والا ہوں جن کی تم عبادت کرتے ہو(4) اور نہ تم ہی عبادت کرنے والے ہو اس کی جس کی میں عبادت کرتا ہوں(5) تمھارے لیے تمھارا دین ہے اور میرے لیے میرا دین(6)

(شروع ) اللہ کے نام سے جو نہایت مہربان رحم کرنے والا ہے۔

[6-1] یعنی کفار کو نہایت صراحت کے ساتھ آگاہ کرتے ہوئے کہہ دیجیے: ﴿ لَاۤ اَعۡبُدُ مَا تَعۡبُدُوۡنَ﴾ ’’ جن کو تم پوجتے ہو، میں ان کو نہیں پوجتا۔‘‘ یعنی آپ کفار کے ان خود ساختہ معبودوں سے براء ت کا اظہار کریں، جن کی وہ اللہ تعالیٰ کے سوا ظاہر اور باطن میں عبادت کرتے تھے۔ ﴿وَلَاۤ اَنۡتُمۡ عٰؔبِدُوۡنَ مَاۤ اَعۡبُدُ﴾ ’’اور جس کی میں عبادت کرتا ہوں اس کی تم عبادت نہیں کرتے۔‘‘ کیونکہ اللہ تعالیٰ کے لیے تمھاری عبادت میں تمھارا اخلاص معدوم ہے۔ اللہ تعالیٰ کے لیے تمھاری عبادت جو شرک سے مقرون ہے، عبادت نہیں کہلا سکتی۔ اس جملے کو مکرر بیان کیا تاکہ اول عدم وجود فعل پر دلالت کرے اور دوسرا اس امر پر دلالت کرے کہ یہ ان کا وصف لازم بن گیا تھا۔اس لیے اللہ تعالیٰ نے دونوں فریقوں کے درمیان امتیاز اور تفریق کی ہے۔ فرمایا:﴿لَكُمۡ دِيۡنُكُمۡ وَ لِيَ دِيۡنِ﴾ ’’تم اپنے دین پر اور میں اپنے دین پر۔‘‘ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿قُلۡ كُلٌّ يَّعۡمَلُ عَلٰى شَاكِلَتِهٖ﴾(بنی اسرائیل:17؍84) ’’کہہ دیجیے کہ ہر شخص اپنے اپنے طریقے کے مطابق عمل کرتا ہے۔‘‘ فرمایا: ﴿اَنۡتُمۡ بَرِيۡؔـٓــُٔوۡنَؔ مِمَّؔاۤ اَعۡمَلُ وَ اَنَا بَرِيۡٓءٌ مِّؔمَّؔا تَعۡمَلُوۡنَ﴾(یونس:10؍41) ’’جو کچھ میں کرتا ہوں تم اس سے بری ہو اور جو کچھ تم کرتے ہو، میں اس سے بری ہوں۔‘‘